ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شمعون پیریز کی آخری رسومات میں اوباما کی شرکت

شمعون پیریز کی آخری رسومات میں اوباما کی شرکت

Fri, 30 Sep 2016 16:21:41    S.O. News Service

تل ابیب،30؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکہ کے صدر براک اوباما سابق اسرائیلی صدر شمعون پیریز کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے اسرائیل پہنچے ہیں۔ان کے ہمراہ 23رکنی وفد بھی ہے جس میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن، وزیر خارجہ جان کیری، ڈیموکریٹک سینیٹر باب کیسی اور ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک راہنما نینسی پلوسی بھی شامل ہیں۔امریکی راہنما کے علاوہ پیریز کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے فلسطین کے صدر محمود عباس بھی یہاں آئے ہیں۔شمعون پیریز فالج کے حملے کا شکار ہو کر دو ہفتوں تک زیر علاج رہے اور بدھ کو 93برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔فلسطین کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ محمود عباس کو توقع ہے کہ ان کی یہاں آمد سے اسرائیلی معاشرے کو یہ پیغام جائے گا کہ فلسطینی امن چاہتے ہیں اور شمعون پیریز جیسے پرامن لوگوں کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔محمود عباس 2010ء کے بعد پہلی مرتبہ یروشلیم آئے ہیں اور وہ عرب دنیا کے پہلے راہنما ہیں جنہوں نے بدھ کو پیریز کی موت پر دکھ کا اظہار کیا تھا۔ جمعرات کو اردن کے بادشاہ عبداللہ نے بھی اسرائیل سے تعزیت کی تھی۔شمعون پیریز کے انتقال پر عرب ممالک کی طرف سے خاموشی ہی دیکھنے میں آئی جس سے ان کی اسرائیل سے مخالفت عیاں ہوتی ہے۔پیریز اور اوباما اسرائیل اور فلسطین کے تنازع کے دو ریاستی حل پر متفق رہے ہیں۔ امریکی صدر نے انھیں 2012ء میں ’’میڈل آف فریڈم‘‘بھی عطا کیا تھا جو کہ اعلیٰ ترین شہری اعزاز ہے۔شمعون پیریز نے بھی اوباما کو’’تمغہ امتیاز‘‘سے نوازا تھا جو کہ منصب صدارت پر فائز کسی بھی امریکی صدر کے لیے اسرائیل کا پہلا اعلیٰ ترین سول اعزاز تھا۔


Share: